39

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو پاکستان کیخلاف میچ میں بڑی خوشی مل گئی

پاکستان کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو بڑی خوشخبری مل گئی، میلبرن سے سڈنی جاتے ہوئے ان کی بیگی گرین رنگ کی ٹیسٹ کیپ گم ہوگئی تھی جو بالآخر مل گئی۔

پاکستان کے خلاف سڈنی میں جاری ٹیسٹ میچ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہے، انہوں نے سیریز شروع ہونے سے قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق الوداعی ٹیسٹ میچ سے قبل آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر کی بیگی گرین ٹیسٹ کیپ ان کے سامان سے مبینہ طور پر غائب ہوگئی تھی، جو بالآخر پاکستان کیخلاف آخری ٹیسٹ میچ کے دوران مل گئی تاہم یہ پتہ نہیں چل سکا کہ وہ کہاں غائب ہوئی تھی اور کیسے واپس ملی۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے بتایا تھا کہ کچھ روز قبل پاکستان کیخلاف آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے وہ میلبرن سے سڈنی کے سفر  پر تھے، اس دوران میری کیپ بیگ میں تھی تاہم میرے سامان سے وہ بیگ کیپ سمیت کوئی شخص لے گیا۔

وارنر کا کہنا تھا کہ ایئر لائن کی جانب سے مجھے بتایا گیا کہ انہوں نے تمام کیمروں سے چیک کیا جس میں کسی کو بھی ان کے سامان کو ہاتھ لگاتے نہیں دیکھا گیا۔

آسٹریلوی اوپنر نے ویڈیو میں اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں پھر بھی درخواست کرتا ہوں کہ اگر آپ وہ شخص ہیں جس کے پاس میرا بیگ ہے تو آپ بیگ رکھ سکتے ہیں میرے پاس ایک فالتو ہے لیکن وہ ٹیسٹ کیپ مجھے واپس بھجوا دیں آپ کا بہت شکریہ ہوگا۔

 

کچھ دن کے انتظار کے بعد ڈیوڈ وارنر کو اپنی ٹیسٹ کیپ بالآخر واپس مل گئی، یہ خوشخبری بھی انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو جاری کرتے ہوئے سنائی۔

آسٹریلوی بیٹر نے کہا کہ میں آپ سب کو یہ بتاتے ہوئے بہت خوش اور راحت محسوس کر رہا ہوں کہ میری بیگی گرین ٹیسٹ کیپ مل گئی ہے، ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کیپ کو واپس لانے میں مدد کی۔

واضح رہے کہ بیگی گرین ٹیسٹ کیپ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو ٹیسٹ ڈیبیو کے وقت دی جاتی ہے۔

یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔