64

پاور ڈویژن اور کے الیکٹرک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

پاور ڈویژن اور کے الیکٹرک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے اور معاہدے کے تحت کراچی کو نیشنل گرڈ سے انٹر کنکشن کی صلاحیت تک بجلی کی فراہمی میں سہولت ہوگی۔

کراچی والوں کے بجلی فراہم ہرنے والی کے الیکٹرک اور وفاقی حکومت کے درمیان معاہدے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پاور ڈویژن اور کے الیکٹرک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

پاور ڈویژن اور کے الیکٹرک کے درمیان معاہدوں پر دستخط ہو گئے ہیں، وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی موجودگی میں ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی ایگریمنٹ اور پاور پرچیز ایجنسی ایگریمنٹ سمیت مختلف معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔

اس موقع پر کے الیکٹرک کی نمائندگی سی ای او مونس علوی اور سی ایف او محمد عامر غازیانی نے کی۔

 

 

معاہدوں میں حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان چند دیرینہ تنازعات کا حل شامل ہے، جس میں کراچی کو نیشنل گرڈ سے انٹر کنکشن کی صلاحیت تک بجلی کی فراہمی میں سہولت ہوگی۔

معاہدے کے مطابق نیشنل گرڈ سے توانائی کی مستحکم فراہمی کراچی کو سستی بجلی تک رسائی میں سہولت فراہم کرے گی، کے الیکٹرک اور دیگر حکومتی اداروں کے درمیان مختلف واجبات کی ادائیگیوں میں آسانی پیدا ہوگی۔

 

 معاہدے کے دوران لی گئی تصویر

معاہدے کے دوران لی گئی تصویر

 

اس موقع پر وزیرِ توانائی محمد علی کا کہنا تھا کہ آج کراچی کے شہریوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج ایک انتہائی اہم معاملہ اپنے منطقی انجام پر پہنچا ہے۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ وزارت پاور سیکٹر کو ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے محنت کر رہی ہے، پاور سیکٹر کو ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے کاوش جاری ہے، کے الیکٹرک کو حکومت نے ہمیشہ ایک پارٹنر کے طور پر پیش کیا ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ اس سارے عمل میں وزیرِ اعظم نے ذاتی طور پر شمولیت کی اور رائے لیتے رہے، وزیرِ خزانہ شمشاد اختر کا ان کی ذاتی شمولیت اور تعاون پر خصوصی شکریہ کرتا ہوں۔