لاہور: بھارت میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث پاکستان کے راستے انڈیا اورافغانستان کے مابین تجارت بند ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان سے لائے گئے سامان کے 40 ٹرک گزشتہ روز سے واہگہ بارڈر پر کھڑے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارت میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم ہونے کی اطلاعات ہیں اور ممکنہ طور پر جمعرات سے تجارتی عمل بحال ہونے کا امکان ہے۔
بھارتی ٹرانسپورٹ کمپنیوں خاص طور پرٹرک ڈرائیوروں نے ٹریفک حادثات سے متعلق قوانین میں سختی اور ٹرک ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کے خلاف ہڑتال کی تھی۔
واہگہ/ اٹاری بارڈر پر بھارتی حدود میں بھی ٹرک ڈرائیوروں نے ہڑتال کردی تھی جس کی وجہ سے بھارتی حکام نے پاکستان کے راستے افغانستان سے آنیوالے تجارتی سامان کے ٹرکوں کی انٹری بند کردی تھی ۔
ذرائع کے مطابق اس وقت مختلف تجارتی سامان سے لدے 40 ٹرک منگل سے واہگہ بارڈر پر کھڑے ہیں، ٹرکوں کے ڈرائیور اور ہیلپروں نے دوراتیں سخت سردی میں واہگہ بارڈر پر ٹرکوں میں ہی گزاری ہیں۔
واضع رہے کہ فرور ی 2019 سے پاکستان اوربھارت کے مابین تجار ت بند ہے تاہم پاکستان کی طرف سے انڈیا ،افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے راہداری کی سہولت فراہم کررہا ہے۔