سٹیٹ بنک کے ڈائریکٹر فنانس قادر بخش نے کہا ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ 1 ہزار روپے کے جعلی نوٹ گردش میں ہیں۔
جعلی نوٹوں کے حوالے سے اسٹیٹ بنک کے ڈائریکٹر فنانس قادر بخش نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں سب سے زیادہ 1 ہزار روپے کے جعلی نوٹ سرکولیشن میں ہیں۔
ڈائریکٹر فنانس قادر بحش نے کہا کہ گزشتہ 2 سالوں میں ملک بھر سے جعلی نوٹوں کے 20 ہزار کرنسی نوٹ پکڑے گئے ہیں، سیکیورٹی اداروں نے مختلف مالیت کے جعلی کرنسی نوٹ اسٹیٹ بنک کو تلف کرنے کیلئے جمع کرائے۔
ڈائرکٹر فنانس کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں نے مختلف بینکوں سے 35 ہزار جعلی کرنسی نوٹ جمع کرائے ان جعلی نوٹوں میں 60 سے 70 فیصد نوٹ 1 ہزار روپے کے ہیں۔
ڈائرکٹر فنانس قادر بخش نے مزید بتایا کہ گزشتہ ایک سال سے کسی بھی اے ٹی ایم سے جعلی نوٹ کی شکایت مرکزی بینک کو نہیں کی گئی، کسی بینک کے اے ٹی ایم سے جعلی نوٹ نکلتا ہے تو اس پر کرنسی نوٹ مالیت کا 100 فیصد جرمانہ کیا جائے گا۔
قادر بخش نے مزید بتایا کہ بینکوں کو اے ٹی ایم مشین میں ڈالے گئے نوٹ کی سی سی ٹی وی ویڈیو 90 دن تک رکھنا لازم ہے، سیکیورٹی اداروں نے 2023ء میں 25 ہزار جعلی نوٹ تلف کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک میں جمع کرائے۔