37

بالی ووڈ کی معروف جوڑی سیف اور کرینہ نے بھی کرکٹ ٹیم خرید لی

بھارتی فلم انڈسٹری ( بالی ووڈ ) کے معروف اداکار سیف علی خان اور انکی اہلیہ اداکارہ کرینہ کپور نے انڈین سٹریٹ پریمیئر لیگ ( ISPL ) میں کولکتہ کی ٹیم خرید لی۔

انڈین سٹریٹ پریمیئر لیگ کا افتتاحی ایڈیشن 6 مارچ سے شروع ہوگا اور 15 مارچ تک جاری رہے گا جبکہ ایونٹ میں 6 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کا معروف جوڑا سیف علی خان اور کرینہ کپور خان  بھی ایڈیشن میں حصہ لینے والی ایک ٹیم کولکتہ کا مالک بن گیا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم آئی ایس پی ایل کے اس ناقابل یقین سفر کا آغاز کرنے پر بہت خوش ہیں۔

خیال رہے کہ سیف علی خان کے والد منصور علی خان پٹودی ایک مشہور ہندوستانی کرکٹر اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تھے اور پٹودی خاندان کا کولکتہ سے ان کی والدہ شرمیلا ٹیگور کے حوالے سے بھی خاص تعلق ہے جو ہندوستان اور مغربی بنگال کے آئکن رابندر ناتھ ٹیگور کی نواسی ہیں۔

بالی ووڈ جوڑی کا کہنا تھا کہ  ISPL کے ساتھ شراکت داری ہماری کرکٹ سے محبت کی علامت ہے، ہمارے خاندان کی میراث اور ریاست سے تعلق کے ساتھ کولکتہ بھی ہمارے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔

انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ کی کور کمیٹی کے رکن آشیش شیلر نے کہا کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور خان کا ISPL میں آنا ہماری لیگ کے لیے ایک اہم لمحہ ہے، کھیل کے لیے ان کا جذبہ کولکتہ کے خواہشمند کرکٹرز کو متاثر کرے گا، اور ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

لیگ میں شامل دیگر ٹیموں کی ملکیت بھی بالی ووڈ سٹارز کے ہی پاس ہے جن میں لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن، اکشے کمار اور ہریتک روشن شامل ہیں۔