85

بھارتی فاسٹ باؤلر محمد شامی جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی ) کی جانب سے ساؤتھ افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے شامل کئے جانے والے فاسٹ باؤلر محمد شامی کو سکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر محمد شامی ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ تھے تاہم، انہیں بورڈ کی میڈیکل ٹیم کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے فٹنس خدشات کے باعث باہر کر دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں دیپک چاہر بھی فیملی میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

بی سی سی آئی کی جانب سے ون ڈے سیریز کے لئے سکواڈ کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے جس میں دیپک چاہر کی جگہ آکاش دیپ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے اعلان کردہ سکواڈ میں رتوراج گائیکواڑ، سائی سدھرسن، تلک ورما، رجت پاٹیدار، رنکو سنگھ، شریاس ایئر، کے ایل راہول، سنجو سیمسن ، اکسر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادیو، یوزویندر چہل، مکیش کمار، اویش کمار، ارشدیپ سنگھ اور آکاش دیپ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز 17 دسمبر سے ہوگا جبکہ ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچز میں بھی مدمقابل ہوں گی جو کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔