پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل سے پرتھ میں شروع ہوگا، پاکستان ٹیم میں وکٹ کیپر سرفراز احمد اور سلمان آغا فائنل الیون کا حصہ ہوں گے۔ عامر جمال اور خرم شہزاد ڈیبیو کریں گے۔
پہلے ٹیسٹ میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پرتھ میں مد مقابل ہوں گی، جس کیلئے تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ بینو قادر سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کردی گئی۔
ڈراپ ان پچ پر ہونے والے ٹیسٹ کےلیے دونوں جانب سے فائنل الیون بھی سامنے آ گئی۔
پاکستان ٹیم میں امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، بابر اعظم اور سعود شکیل بیٹنگ لائن اپ کا حصہ ہیں۔ ان کی ساتھ وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد بھی شامل ہیں جبکہ بیٹنگ آل راؤنڈر سلمان آغا اور فہیم اشرف بولنگ میں شاہین آفریدی، عامر جمال اور خرم شہزاد کا ساتھ نبھائیں گے۔ عامر جمال اور خرم شہزاد کے کیریئر کا یہ پہلا ٹیسٹ ہوگا۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں تجربہ کار بیٹرز وارنر، اسمتھ، عثمان، ٹریوس ہیڈ ، لے بوشین اور الیکس کیری ہیں تو بولنگ میں اسٹارک، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ کے ساتھ اسپنر نیتھن لائین بھی شامل ہیں۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوگا۔