اسلام آباد : نگران حکومت نے آئی ایم ایف کا نیا پروگرام لینے کیلئے مشاورت شروع کر دی، نئے پروگرام کیلئے بات چیت رواں ماہ سے ہی شروع کئے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف کے موجودہ پروگرام کے بعد ایک اور پروگرام بھی لے گا، اس سلسلے میں نگران حکومت نے آئی ایم ایف کے آئندہ پروگرام لینے کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام کیلئے بات چیت رواں ماہ سے ہی شروع کئے جانے کا امکان ہے۔
حکام وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کے طے شدہ اقدامات منتخب حکومت آگے بڑھائے گی، نئی منتخب حکومت کو اقتدار میں آتے ہی آئی ایم ایف پروگرام سائن کرنا ہوگا۔
حکام نے کہا ہے کہ فروری میں عام انتخابات کے بعد آنے والی حکومت نئے پروگرام پر عملدرآمد کرے گی، معیشت کی مکمل بحالی کیلئے آئی ایم ایف کا ایک اور پروگرام ناگزیر ہے۔
وزارت خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ منتخب حکومت مالی سال 2024 – 25 کیلئے بجٹ پر کام کا آغاز کرے گی، مالی سال 2024- 25 کا بجٹ آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کے تحت ترتیب دینا ہوگا۔
حکام کے مطابق نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد آئندہ بجٹ کی تیاری کیلئے چار ماہ کا وقت ہوگا،آئی ایم ایف کے ساتھ ایک اور پروگرام موجودہ اقدامات کے بعد معیشت کو مضبوط کرے گا۔
وزارت خزانہ کے حکام نے کہا کہ معیشت کی مکمل بحالی کیلئے لانگ ٹرم پالیسی کے تحت اقدامات کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔