47

رنبیر کپور کی میگا تھرلر ایکشن فلم ’انیمل‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی، سینما گھروں کے باہر رش

 ممبئی: بالی ووڈ سُپر اسٹار رنبیر کپور کی میگا تھرلر ایکشن فلم ’انیمل‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی ہے، سینما گھروں کے باہر مداحوں کا رش لگ گیا۔

سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’انیمل‘ ریلیز ہوگئی ہے اور پہلے ہی دن ہر طرف  ’انیمل‘ کا بخار پھیل گیا ہے، رنبیر کپور اور رشمیکا مندانا کی فلم کو دیکھنے کے لیے مداحوں کے بڑی تعداد صبح 6 بجے ہی سینما گھروں کے باہر پہنچ گئی۔

 

مداحوں کو فلم ’انیمل‘ کا بےصبری سے انتظار تھا کیونکہ اس فلم کے سنسنی خیز ٹریلر نے ریلیز سے قبل ہی رنبیر کپور کے کردار کی دہشت پھیلا رکھی تھی، ٹریلر میں رنبیر کپور کو بےرحمی سے قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

’انیمل‘ میں رنبیر کپور کے مقابلے میں بوبی دیول ولن کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ رشمیکا مندانا نے فلم میں خاتون اداکارہ کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

اس کے علاوہ انیل کپور نے ’انیمل‘ میں رنبیر کپور کے والد کا کردار نبھایا ہے، فلم کو یکم دسمبر یعنی آج پوری دنیا میں پانچ زبانوں ہندی، تیلگو، تامل، کناڈا اور ملیالم میں ریلیز کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رنبیر کپور کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم ’انیمل‘ کے حوالے سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ ریلیز کے پہلے دن ہی یہ فلم باکس آفس پر  100 کروڑ کا بزنس کرسکتی ہے جس میں سے تقریباً 60 کروڑ روپے صرف بھارت سے ملنے کا امکان ہے۔