59

مرغی کے شوقین افراد کیلئے بری خبر

مرغی کے شوقین افراد کیلئے بری خبر ہے کہ مرغی کی سپلائی بند  ہے،جبکہ  پولٹری اڑتھ ،سپلائر اور ریٹیلرز ایسوسییشنز کی جانب سے ہڑتال کا اعلان کیاہے۔

تفصیلات کے مطابق  پولٹری ایسوس ایشنز کی جانب سے صبح سے غیر اعلانیہ ہڑتال کا اعلان کیاگیا ہے ، اعلان میں کہاگیا ہے کہ صبح اسلام آباد اور راولپنڈی کی پولٹری منڈی بند ہو گی۔

پولٹری سپلائرز ایسوسییشنز کی جانب سے راولپنڈی،اسلام آباد سے ایبٹ آباد تک سپلائی بند رکھی جائے گی ،صدر پولٹری ریٹیلرز ایسوسییشن ظہیر عباس  کا کہناہے کہ راولپنڈی انتظامیہ منڈی ریٹس میں بے جا مداخلت کر رہی ہے،جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوں گے ہم پولٹری کی سپلائی بند رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں منڈی کا ریٹ شفاف ہونا چاہیے ہمیں من پسند ریٹ نافذ نہ کروایا جائے،اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہم پولٹری کی گاڑیاں کمشنر اور ڈی سی آفس کے باہر کھڑی کر دیں گے۔

صدر پولٹری ریٹیلرز ایسوسییشن ظہیر عباس نےبین الاضلاع مرغی کی یکساں قیمت مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد، پنڈی میں مقامی طور پر فارمنگ نہ ہونے سے اخراجات باقی اضلاع سے زیادہ ہیں،ہمیں ہمارے اخراجات ملنے چاہیے ہم نہیں چاہتے صارف کو مہنگی مرغی ملے۔

صدر پولٹری ریٹیلر ایسوسی ایشن نےمزید  کہا کہ ہم ایک کلو مرغی پر چار سے پانچ روپے منافع مانگ رہے ہیں،نارووال،سرگودھا،جہلم کے ریٹ پر مرغی کسی صورت فروخت نہیں ہو سکتی،ڈیزل پٹرول،لوڈنگ اخراجات کے باعث دوسرے شہروں سے مرغی کی قیمت میں واضح فرق ہے،جبکہ مرغی فروش کا کہناہے کہ مرغی سستی کرنے کیلئے اجناس اور فیڈ سستی کرنی پڑےگی۔