35

ٹی 20 کی کپتانی کیلئے شاہین کا نام میں نے تجویز نہیں کیا، محمد حفیظ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر اور سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ٹی 20 ٹیم کی کپتانی کے لئے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا نام میں نے تجویز نہیں کیا تھا اگر سابق کپتان شاہد آفریدی ( شاہد بھائی ) میرا نام لیتے ہیں تو اس بارے انہی سے پوچھا جائے۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر قومی ٹیم محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ چیئرمین میجنمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے جو کوچنگ اور مینجمنٹ سٹاف مقرر کیا ہے وہ بہترین ہے کیونکہ یہ سب وہ لوگ ہیں جنہوں نے حال ہی میں پاکستان کے لئے بہت شاندار پرفارمنسز دی ہیں اور اب ان کو ایک نیا کردار نئی سوچ کے ساتھ دیا جا رہا ہے تا کہ ماڈرن کرکٹ کے حساب سے ایک نیا پراسس چل سکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ٹی 20 کی کپتانی کے لئے شاہین شاہ کا نام میں نے تجویز نہیں کیا اگر شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے تجویز کیا ہے تو اس بارے ان سے ہی پوچھیں ، شاہد آفریدی نے خود ہی کہا کہ شاہین کپتان نہیں ہونا چاہیے اور رضوان کپتان ہونا چاہیے لیکن ایسا میرے علم میں کچھ نہیں ، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود دونوں باصلاحیت کھلاڑی ہیں انکو ذکاء اشرف صاحب نے کپتان بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ شاہد آفریدی ہی بتا سکتے ہیں کہ وہ کیوں نہیں شاہین کو کپتان دیکھنا چاہتے تھے اور کیوں چاہتے تھے کہ رضوان کپتان بنے۔

محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ شاہین آفریدی اور شان مسعود میں پوٹینشل موجود ہے اور وہ قومی ٹیم کی کارکردگی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔