102

پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اربوں ڈالر کے سمجھوتوں پر دستخط

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اربوں ڈالر کے سمجھوتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر نگراں وزیراعظم کا ویڈیو پیغام شئیر کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علاقائی استحکام اور اسٹریٹجک تعاون کے حوالے سے بھی نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

 

 

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نئے دور کے آغاز پر پاکستان اور یو اے ای کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج شیخ محمد بن زایدالہنیان نے دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دستخط کی تقریب میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی، تقریب میں وفاقی وزراء اور یو اے ای کے وزراء نے بھی شرکت کی۔

انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے معاہدوں کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جو جلد سامنے آئیں گے۔

واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ اس وقت یو اے ای کے دورے پر ہیں۔

اس سے قبل انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ دوست ممالک نگراں حکومت کے دور میں ہی پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کریں گے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا تھا کہ سرمایہ کاری کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی ہمارے اسٹیٹ بینک میں 70 بلین ڈالرز لا کر رکھ دے گا بلکہ سرمایہ کاری کا ایک طریقہ کار ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ اسپیشل فیسیلیٹیشن سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے پلیٹ فارم سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ اور اس معاملے پر ملک کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔