40

چینی کمپنی کی پاکستان میں الیکٹرانک گاڑیوں کیلئے سرمایہ کاری میں دلچسپی

چین کی کار ساز کمپنی بی وائی ڈی نے پاکستان میں آٹو موبائل بالخصوص الیکٹرانک گاڑیوں کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کردیا۔

بی وائے ڈی کے ایک وفد نے جمعرات کو سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل راجپوت سے ملاقات کے دوران پاکستان کے الیکٹرانک وہیکل سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

سرمایہ کاری بورڈ کے سیکریٹری نے پاکستان میں الیکٹرانک گاڑیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس شعبے میں کمپنی کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری میں سہولیات کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا۔

بی وائی ڈی کا وفد پاکستان کے حالیہ دورے میں سرمایہ کاری بورڈ کی مدد سے مقامی شراکت داروں کے ساتھ اہم ملاقاتیں کرے گا۔