32

وزڈن کی طرف سے ورلڈ کپ کی پانچ بہترین اننگز میں فخر زمان کی اننگز بھی شامل

وزڈن کی طرف سے ورلڈ کپ 2023ء کی پانچ بہترین اننگز میں فخر زمان کی اننگز کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

بھارت میں منعقدہ ورلڈ کپ شاندار مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگیا، میگا ایونٹ کے 48 میچوں میں مجموعی طور پر 40 سنچریاں سکور ہوئیں، کسی میچ میں دو،کسی میں تین اور حتی کہ کسی ایک میچ میں چار سنچریاں بھی سکور ہوئیں۔

وزڈن کی طرف سے جاری کردہ ورلڈ کپ کی پانچ بہترین اننگز کی فہرست میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل کی افغانستان کے خلاف 128 بالوں پر 201 رنز کی اننگز پہلے نمبر پر ہے۔

ورلڈ کپ فائنل میں بھارت کے خلاف آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی 120 بالوں پر 137 رنز کی اننگز کو بہترین اننگز میں دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔

سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف جنوبی افریقی مڈل آرڈر بلے باز ڈیوڈ ملر کی شاندار سنچری کو بھی بہترین اننگز کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان کی نیوزی لینڈ کے خلاف 81 بالوں پر 126 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کو بھی بہترین اننگز میں شمار کیا گیا ہے۔

افغانستان کے رحمان اللہ گرباز کی انگلینڈ کے خلاف 57 بالوں پر 80 رنز کی اننگز کو ورلڈ کپ کی پانچویں بہترین اننگز میں شامل کیا گیا ہے۔