28

پہلا سیمی فائنل؛ بھارت کی نیوزی لینڈ کیخلاف جارحانہ بیٹنگ جاری

آئی سی سی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف 30 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان 214 رنز بنالیے۔

ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت کے اوپنرز نے ٹیم کو 71 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم کپتان روہت شرما 47 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔ شبمن گل 79 رنز بناکر کریمپ کا شکار ہوئے اور میدان سے باہر چلے گئے۔ ویرات کوہلی 65 اور شریاس ایر 19 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میچ کی واحد وکٹ ٹم ساؤتھی نے حاصل کی۔

قبل ازیں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کیویز کیخلاف بڑا اسکور کرکے پریشر بڑھائیں۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش کریں گے ابتدائی اوورز میں جلد وکٹیں لیکر میزبان ٹیم کو پریشر میں لائیں۔

دونوں ٹیموں کی جانب سے پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔