59

الیکٹرک صارفین کیلئے یکساں سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹس کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے یکساں سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹس کی منظوری دے دی۔

نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے پیش کردہ سمریوں پر غور کیا گیا۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی ایس او کے مالی بحران سے نمٹنے کے لیے 100 ارب روپے کی حکومتی گارنٹی منظور کی گئی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ پنجاب کے لیے گرین کارپوریٹیو اقدامات کی مد میں وفاقی حکومت 20 ارب روپے فراہم کرے گی۔

ای سی سی نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومت گرین انشیٹیو کمپنیوں سے براہ راست اس ضمن میں رابطہ کرے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ کراچی الیکٹرک کے لیے یکساں ٹیرف کے نفاذ کی بنیاد پر سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ وصول کی جائے گی، کے الیکٹرک صارفین سے بھی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے 46 پیسے فی یونٹ وصول کیے جائیں۔

ای سی سی نے ہدایت کی کہ چمن بارڈر پر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو مشاورت کے ساتھ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں شامل کیا جائے۔

اجلاس میں وزارت داخلہ کے لیے تعمیر و مرمت کے کام کے لیے 4 کروڑ 74 لاکھ روپے اور وزارت آئی ٹی کے ڈیجیٹل انفارمیشن انفراسٹرکچر منصوبے کے لیے 5 ارب روپے منظور کرلیے گئے ہیں۔