75

افغانستان کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی آدھی ٹیم 69 رنز پر پویلین لوٹ گئی

ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں افغانستان کے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوگئی، کینگروز کی آدھی ٹیم 69 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

افغانستان کے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا، 10 اوورز کے پہلے پاوور پلے کے اندر ہی 4 بیٹر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر 18، مچل مارش 24 ، ٹریوس ہیڈ اور جوش انگلس صفر پر آؤٹ ہوگئے۔کینگروز کی پانچویں وکٹ لبوشین کی گری جو 69 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے علاوہ اسٹوئنس 6 رن بناکر راشد خان کا شکار بنے۔

آسٹریلیا نے 17 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنالیے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 291 رنزبنائے، ابراہیم زدران 129 رنزبناکر ناقابل شکست رہے۔

ابراہیم زدران ورلڈکپ میں افغانستان کی جانب سے سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے۔

اس کے علاوہ رحمت شاہ 30 اور حشمت اللہ نے 26 رنزبنائے جبکہ  عظمت اللہ 22 ، رحمان اللہ گُرباز 21 اور محمدنبی نے 12 رنز اسکور کیے۔ راشدخان 35 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،  ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ اب تک ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں سات سات میچز کھیل چکی ہیں، آسٹریلیا نے 5 اور افغانستان نے اپنے 4 میچز جیتے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا تیسرے اور افغانستان چھٹے نمبر پر موجود ہے۔