69

ایلون مسک نے اپنا پہلا اے آئی چیٹ بوٹ متعارف کرا دیا

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو انسانیت کو لاحق سب سے بڑے خطرات میں سے ایک قرار دیتے ہیں۔

چیٹ جی پی ٹی کی مقبولت کے بعد دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اے آئی ٹیکنالوجی کے شعبے پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کی تھی۔

ایلون مسک نے بھی جولائی 2023 میں ایک اے آئی کمپنی ایکس اے آئی (xAI) قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

 

اب اس کمپنی نے اپنی پہلی اے آئی پراڈکٹ گروک متعارف کرا دی ہے جو بنیادی طور پر ایک چیٹ بوٹ ہے۔

ایلون مسک نے ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) پر اس کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بہت جلد یہ چیٹ بوٹ ایکس پریمیئم پلس صارفین کو دستیاب ہوگا۔

ابھی اس چیٹ بوٹ کا بیٹا (beta) ورژن محدود افراد کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

ایلون مسک نے ایک اور ایکس پوسٹ میں بتایا کہ اس چیٹ بوٹ میں جواب دینے کے عمل میں مزاح کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ان کا دعویٰ تھا کہ یہ اس وقت دستیاب بہترین اے آئی چیٹ بوٹ ہے جسے ایکس پر دستیاب رئیل ٹائم تفصیلات تک رسائی حاصل ہے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے یہ کمپنی اوپن اے آئی کا مقابلہ کرنے کے لیے قائم کی تھی۔

اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کو تیار کیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایلون مسک چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی کے شریک بانی ہیں۔

البتہ ایلون مسک نے 2018 میں اس کمپنی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔