لاہور: پاکستان کے نامور اداکار جاوید شیخ نے واشگاف انداز میں اعلان کیا ہے کہ وہ فیمینزم نعرے ’میرا جسم میری مرضی‘ کے خلاف ہیں۔
ایک تازہ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار کا کہنا تھا کہ یہ نعرہ لڑکیوں کیلئے مناسب نہیں ہے اور اس کا مطلب ہے کہ وہ جو کرنا چاہیں کرلیں۔
جاوید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور یہ نعرہ پاکستان کے مذہبی ثقافتی پس منظر کے حوالے سے بالکل اچھا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ لڑکیوں میں حیا ہونی چاہئے اور یہ ان کی شخصیت کا جوہر ہے اور جدید دور میں بھی ہم اسے نظر انداز نہیں کرسکتے۔
اداکار نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں خاتون جتنا پردے میں ہو وہ اتنی ہی خوبصورت ہوجاتی ہے اور ہمیں اس حوالے سے مغربی پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں اداکار فیصل قریشی نے بھی اس متنازعہ نعرے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب یہ نعرہ لوگوں میں مذاق بن چکا ہے۔