43

الیکشن کا چاند مبارک ہو، عدالت نے کہا ہے تو 8 فروری کو الیکشن ہوگا: بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن تاریخ پر کہا ہے کہ آپ سب کو الیکشن کا چاند مبارک ہو، اب عدالت نے کہا ہے تو 8 فروری کو الیکشن ہوگا۔

کراچی میں بلاول بھٹو زرداری نے فلاحی تنظیم کے تحت چلنے والے مختلف اداروں کا دورہ کیا۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کورونا کے دوران ظفر عباس نے ہمارے ساتھ اچھا کام کیا اور معاشی بحران کے دوران لوگوں کو سہولت فراہم کی گئی، حکومت اگر فلاحی اداروں کے ساتھ ملکر کام کرے تو زیادہ فائدہ ہوگا۔

اس دوران پی پی چیئرمین نے کہا کہ آپ سب کو الیکشن کا چاند مبارک ہو۔ اس پر پریس کانفرنس میں قہقہے لگ گئے۔

ان کا کہناتھاکہ بہتر ہوتا کہ سپریم کورٹ کو مداخلت نہ کرنا پڑتی، اب عدالت نے کہا ہے تو 8 فروری کو الیکشن ہوگا۔

بلاول کا کہنا تھاکہ ماضی میں بھی کبھی پاکستان پیپلز پارٹی کو انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی،  اس لیے امید نہیں رکھتے مگر اس کے باوجود بھی ہم کامیاب ہوئے اور اس بار بھی پی پی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا، پی ٹی آئی سمیت سب سیاسی جماعتوں کو میثاق جمہوریت میں شامل ہونا چاہیے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 8 فروری 2024 کو ملک میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔