39

ملک میں مہنگائی میں اضافے کی شرح میں کمی شروع

 اسلام آباد: حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں مہنگائی میں اضافے کی شرح میں کمی شروع ہوگئی۔

ملک میں گزشتہ ایک ماہ (اکتوبر2023) کے دوران ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافے کی شرح1.1 فیصد رہی ہے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ(جولائی تا اکتوبر 2023)کے دوران 28.48 فیصد رہی ہے۔

گزشتہ ماہ (اکتوبر2023) سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافے کی شرح 26.9 فیصد رہی ہے اورستمبر 2023 میں 31.4 فیصد تھی جبکہ اکتوبر 2022 میں یہ شرح 26.6 فیصد تھی۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ماہانہ رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق اکتوبر 2023 میں ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافے کی شرح1.1 فیصد رہی ہے اورستمبر 2023 میں 2 فیصد تھی جبکہ اکتوبر 2022 میں 4.7فیصد تھی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پرمہنگائی کی شرح 26.9 فیصد رہی جولائی سے اکتوبر مہنگائی کی اوسط شرح 28.48 فیصد رہی، شہری علاقوں میں مہنگائی 25.5 فیصد، دیہات میں 28.9 فیصد رہی۔

گزشتہ ماہ پیاز، سبزیاں، پھل، انڈے، آلو، مچھلی اور مصالحے مہنگے ہوئے، بجلی 8.29 فیصد، شادی ہال 5.43 ، رہائش 4.50 فیصد مہنگی ہوئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ادویات 3.72 فیصد، تعلیم 3.23 ، ڈاکٹر کی فیس 3 فیصد مہنگی ہوئی۔ اس دوران چینی، دال چنا، ٹماٹر، دال مونگ، گڑ، گندم کا آٹا، دودھ سستا ہوا ہے۔