40

گیس کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش ہے، شیری رحمان

پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ‏گیس کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ فکسڈ چارجز 10روپے سے بڑھا کر 4 سو روپے کر دیے گئے۔ گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں مزید 172 فیصد تک اضافہ بھی کیا گیا ہے۔


شیری رحمان نے کہا کہ موجودہ مہنگائی میں نگراں حکومت کو عوام پر اتنا بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے تھا۔ نگراں وزیر پہلے ہی گھریلو صارفین کیلئے 16 گھنٹے گیس لوڈ شیڈنگ کا اعلان کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا جب صارفین کو گیس ہی میسر نہیں تو قیمتوں میں یہ ہوشربا اضافہ کیوں؟

شیری رحمان نے کہا کہ یہ فیصلے منتخب حکومت کیلئے چھوڑے جائیں تو بہتر ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد مہنگائی میں کمی ہونی چاہیے تھی جو نظر نہیں آ رہی۔

پی پی رہنما نے کہا کہ نگراں حکومت عوام کیلئے مزید دشواریاں پیدا نہ کرے۔