34

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کے منافع میں 59 فیصد اضافہ

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کا گزشتہ سال کی نسبت امسال 59 فیصد اضافہ ۔

تفصیلات کے مطابق او جی ڈی سی ایل کا مالی سال  23-2022 کے لیے شیئر ہولڈرز کا 26واں سالانہ اجلاس عام پیر کو او جی ڈی سی ایل ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز، او جی ڈی سی ایل جناب ظفر مسعود نے کی۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او، او جی ڈی سی ایل، جناب احمد حیات لک، بورڈ کے دیگر اراکین، سینئر مینجمنٹ اور کمپنی کے شیئر ہولڈرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 او جی ڈی سی ایل نے مارکیٹ لیڈر کے طور پر اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط بناتے ہوئے413.594 ارب روپے کی مجموعی آمدن حاصل کی۔  جبکہ اسی مدت کے دوران بعداز ٹیکس کمپنی کا خالص منافع 224.617 ارب روپے رہا۔ جو کہ منافع کی شرح میں گزشتہ سال اسی مدت کے مقابلے میں 59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ فی شیئر آمدنی بھی31.11 سے بڑ ھ کر 52.23 روپے ہو گئی۔

 بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سال 23-2022کے لیے 30 جون 2023 کو ختم ہونے والی مدت پر 27.50  فیصد کے حساب سے 2.75روپیہ فی شیئر عبوری منافع دینے کا اعلان بھی کیا۔ یہ عبوری منافع اپنے شئیر ہولڈرز کو پہلے سے دیئے جانے والے 58  فیصد یعنی 5.80 روپیہ فی شیئر کے علاوہ ہے۔ مذکورہ سال کے دوران او جی ڈی سی ایل نے مختلف ٹیکسز کی مد میں 159.154 ارب روپے کی ادائیگی کی۔ او جی ڈی سی ایل کے شیئر ہولڈرز نے متعدد پورٹ فولیوز میں کمپنی کی مسلسل بہتر کارکردگی، جدت اور پائیدار اقدامات میں ترقی اورپیش رفت کو سراہا۔