25

انتخابات کا وقت قریب ، پنجاب حکومت کے اقدامات سے مطمئن ہیں، الیکشن کمیشن

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے اور الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت عام انتخابات سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں صوبوں کے ممبران اور پنجاب کابینہ کے اراکین نے بھی شرکت کی جبکہ اجلاس کے دوران عام انتخابات کے لئے سکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران نگران پنجاب حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لئے فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کاوقت قریب ہے اور الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، سب نے مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے، نگران حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کیلئے سپورٹ کریں گے۔

سکندر سلطان راجا کا کہنا تھا کہ 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے تیار ہے اور پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مطمئن ہے۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور الیکشن کے آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔