40

حج پر جانے کے خواہش مند فرزندان توحید کے لئے خوشخبری

حج پر جانے کے خواہشمند فرزندان توحید کیلئے خوشخبری آگئی۔ حج درخواستیں جمع کروانے کا وقت قریب آگیا۔

ذرائع نے خبر دی ہے کہ سرکاری حج سکیم  کیلئے درخواستیں نومبر کے وسط تک طلب کر لی جائیں گی۔ وفاقی کابینہ سے حج پالیسی 2024 نومبر کے آغاز میں منظور ہونے کا امکان ہے۔

مجوزہ سرکاری حج پیکج میں عوامی تجاویز پر کئی تبدیلیاں کردی گئیں۔ پہلی باراضافی رقم کے ساتھ  20 سے 25 دن کا شارٹ حج  پیکج بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے سپانسر شپ حج سکیم جاری رکھی جائے گی۔

حج اخراجات کی ادائیگی ڈالرز میں کرنے کی صورت میں قرعہ اندازی سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔ مدینہ منورہ میں رہائش کیلئے 4 سے 8 دن کا انتخاب کیا جا سکے گا۔ شناخت کیلئےحجاج کے دیئے جانے والے بیگ پر پاکستانی  پرچم، کیو آر کوڈ اور کوائف درج ہوں گے۔

حج درخواستوں کے آن لائن اندراج کیلئے موبائل ایپ کا اجراء کیا جائے گا۔ اکانومی پیکج ماضی کی طرح 40 دن پر ہی محیط ہو گا۔ سرکاری حج سکیم کے تحت 90 ہزار سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔