30

سانحہ9مئی،پولیس کو عمران خان،شاہ محمود سے تفتیش کی اجازت مل گئی

 9 مئی کے راولپنڈی میں مقدمات میں پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان  اور شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی اجازت مل گئی۔

سائفر کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے 9 مئی واقعات سے متعلق راولپنڈی میں مقدمات میں پولیس کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی اجازت دے دی۔

راولپنڈی پولیس کو سابق وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی اجازت مل گئی، خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے 9 مئی کے کیسز میں راولپنڈی پولیس کو تفتیش کی اجازت دی۔

راولپنڈی پولیس کے افسر سائفر کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے۔
پولیس افسر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل میں شامل تفتیش کرنا ہے۔

اس پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے استفسار کیا کہ کیا اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو شاملِ تفتیش کیا گیا؟۔

راولپنڈی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ دونوں کو شاملِ تفتیش نہیں کیا، شریک ملزمان کے بیانات پر شامل تفتیش کرنا ہے، ہمارے پاس راولپنڈی میں 9 مئی واقعات سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ بھی موجود ہے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کا جائزہ لیا۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ قانون کے مطابق صرف تفتیش کرنے کے لیے اجازت دے رہا ہوں۔