43

شدید دھند میں شفاف ریلوے ٹریک دکھانے والا جدید سسٹم متعارف

 

لاہور: پاکستان ریلوے نے شدید دھند ٹریک کلیئر دکھانے والا جدید ترین سسٹم متعارف کروادیا جسے مقامی ماہرین نے تیار کیا ہے اور یہ سسٹم انجن میں بیٹھے ڈرائیور کی معاونت کرے گا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز شاہد عزیز نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد حنیف گل کے ہمراہ ٹرین ڈرائیور معاون سسٹم کا افتتاح کیا۔ ’ٹرین ڈرائیور معاون سسٹم‘ کا آغاز لاہور سے کراچی جانے والی کراچی ایکسپریس سے کیا گیا۔

یہ سسٹم یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے الخوازمی انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔ ڈرائیور معاون سسٹم شدید دھند میں 700 میٹر تک بغیر کسی رکاوٹ کے ڈرائیور کو کلیئر راستہ دکھائے گا۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل سسٹم 700 میٹر تک سگنلز، لیول کراسنگز، گیٹس، ٹریس پاسنگ کے علاوہ دیگر خطرات کی بھی نشاندہی کرے گا۔

فوٹو اسکرین گریپ
افتتاح کے موقع پر چیف سگنل اینڈ ٹیلی کام انجینئر محمد احمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر طارق عزیز، چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ سیفٹی محمد علی چاچڑ، چیف مکینیکل انجینئر لوکو غلام قاسم سمیت ڈویژنل و اسسٹنٹ افسران بھی موجود تھے۔

سی ای او ریلویز شاہد عزید کا کہنا تھا کہ ٹرین ڈرائیور معاون سسٹم سے دھند کے دنوں میں ٹرینوں کی وقت پر آمد و رفت میں بہتری آئے گی اور سسٹم سے شدید دھند کے دنوں میں حادثات کی روک تھام میں بھی مددگار ثابت ہوگا جبکہ  یہ سسٹم پاکستان ریلویز میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے بنائے گئے بہترین سسٹم کی تعریف کی اور ساتھ ہی ساتھ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور پاکستان ریلویز کے انجینیئرز کو شاباش دی۔ سی ای او ریلویز نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے انجینیئرز کو کیش انعام بھی دیا۔