31

مسلسل شکستوں کے بعد اس مشکل وقت میں ہم پوری قوم کپتان بابرکے ساتھ ہے : محمد یوسف

پاکستان کے سابق بیٹر محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں تین مسلسل شکستوں کے بعد اس مشکل وقت میں ہم اور  پوری قوم کپتان بابر اعظم کے ساتھ کھڑی ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کا میچ ہوا جس میں افغان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو 8 وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دی۔

میچ کے بعد بابر اعظم نے پریس کانفرنس کی جس میں وہ کافی دلبرداشتہ نظر آئے۔

اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے محمد یوسف کا کہنا تھا کہ 'میں نے پریس کانفرنس کافی غور سے دیکھی جس میں بابر بہت پریشان لگ رہا تھا، سنا ہے رویا بھی ہے'۔

سابق کرکٹر نے کہا ٹیم میچ کبھی بھی کسی ایک بندے کی وجہ سے نہیں ہارتی، پوری ٹیم ہوتی ہے اور کوچنگ اسٹاف ہوتا ہے، اگر ہم ٹیم میں ہوتے تو ذمہ دار ہم بھی ہوتے۔

محمد یوسف نے مزید کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ہم سب کو اس کے ساتھ ہونا چاہیے، اس وقت ہم سب دکھ میں ہیں، افسوس سب کو ہوا ہے، بابر کو دیکھ کر مجھے بہت دکھ ہوا، بابر کو فکر نہیں کرنی چاہیے ہم اس کے ساتھ ہیں اور  پوری قوم بابر کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا 'کچھ چیزیں ہیں جس پر سنجیدگی سے بات کرنی چاہیے، افغانستان کے خلاف پاکستان نے کم رنز اسکور کیے، ہمارے بولرز بہت درمیانے درجے کے تھے، ہماری ٹیم میں ہارنے کا ڈر ہے کہ کہیں وکٹ نہ کھو دیں۔

افغانستان سے شکست پر کپتان سمیت کئی کرکٹرز ہوٹل میں رو پڑے:

دوسری جانب کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ افغانستان کے خلاف شکست پر کپتان بابر اعظم سمیت کئی قومی کرکٹرز کو ہوٹل میں روتے ہوئے دیکھا گیا، جس کی سابق کرکٹرز نے تصدیق بھی کی۔