29

9 مئی کا سانحہ ملک دشمن سازش سے کم نہیں، فردوس عاشق اعوان

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی رہنما فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو سزا سے بچانے کیلئے ملکی مفاد داؤ پر نہیں لگایا جا سکتا۔

اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 9 مئی کے مقدمات غیر معمولی نوعیت کے حامل ہیں، سپریم کورٹ کا فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل کالعدم قرار دینا وقت کی ضرورت کے منافی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فیصلے سے 9 مئی واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانا مشکل ہوجائے گا، یہ فیصلہ قومی سلامتی اور قومی مفادات کے برعکس ہے، فیصلہ ملک دشمن عناصر کو تقویت دے گا۔


ترجمان آئی پی پی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اور غیر ملکی ایجنڈوں پر کام کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں  سے نمٹنا ضروری ہے، ماضی میں ایسا قانون نہ ہونے سے غیر ملکی ایجنٹوں کےخلاف مضبوط فیصلے نہ کیے جا سکے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی سربراہی میں 9 مئی کا سانحہ ملک دشمن سازش سے کم نہیں، اس انتشار کے تمام کردار سخت سزا کے مستحق ہیں جو ملٹری کورٹس کے علاوہ ممکن نہیں، فوجی تنصیبات پر حملہ آوروں کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں زیادہ بہتر ہو سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملکی سالمیت سے آگے نہ کوئی فرد ہے اور نہ اس پر لگنے والی فرد جرم ہے، جس فرد کو ملک کا درد نہیں ملک کا قانون بھی اس کا ہمدرد نہیں بن سکتا۔