بنگلہ دیش کے علاقے کشور گنج میں مسافر ٹرین اور مال گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریباً 80 کلومیٹر دور بھیراب کے مقام پر گودھولی ایکسپریس ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے بعد ملک کے دیگر حصوں کے لیے ٹرین سروس معطل ہے۔
حادثے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے، مقامی میڈیا نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ بہت سے لوگ ٹرین کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔
بھیراب میں ایک سرکاری منتظم صادق الرحمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم نے 15 لاشیں نکالی ہیں، جبکہ کئی زخمی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ریسکیو ورکرز نے اطلاع دی ہے کہ وہ اب بھی اُلٹی ہوئی کوچوں کے نیچے کچلی اور پھنسی لاشیں دیکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کم از کم 100 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بہت سے زخمی تباہ شدہ کوچوں کے نیچے پڑے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فائر سروسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقامی پولیس اہلکار سراج الاسلام نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری رہنے کے باوجود ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
موقع پر موجود فائر سروس کے اہلکاروں نے بتایا کہ تین مسافر بوگیاں الٹ گئی ہیں اور خدشہ ہے کہ کئی افراد ابھی بھی پھنسے ہوئے ہیں۔
فائر سروس کے ایک اہلکار نے کہا کہ، ’ہمیں ریسکیو عمل کے دوران مزید لاشوں اور زخمی مسافروں کی تلاش کی توقع ہے‘۔