30

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 31 مساجد شہید

غزہ  میں اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں،7  اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری سے اب  تک 31  مساجد شہید ہوچکی ہیں۔

غزہ میں فلسطینی وزارت مذہبی امور نے تصدیق کی ہےکہ اسرائیل کی جانب سے حملوں میں 31 مساجد شہید ہوئی ہیں۔

دوسری جانب  غزہ میں اسرائیلی بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 266 فلسطینی شہید ہوگئے۔

 وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہید فلسطینیوں میں117 بچے شامل ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی حملوں سے شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 651 ہوگئی ہے، شہید ہونے والوں میں 40  فیصد بچے شامل ہیں۔

اسرائیلی حملوں سے غزہ میں 14  ہزار  245 سے  زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں، غزہ کے زخمی فلسطینیوں میں 70 فیصد بچے اور خواتین شامل ہیں۔

اسرائیل نے غزہ میں حملے مزید تیز کرنےکا اعلان کرتے ہوئے ایک بار  پھر فلسطینیوں کو غزہ کا شمالی علاقہ خالی کرکے جنوب کی طرف جانےکی دھمکی دی ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل حماس پر دباؤ بڑھانے کے لیے غزہ میں اپنے حملوں کو تیز کرےگا۔

فوجی ترجمان ایڈمرل کا کہنا تھا کہ ہمیں جنگ کے اگلے مرحلے میں داخل ہونا ہے اور اس کے لیے ہم کسی کے بتائے ہوئے راستے پر نہیں چلیں گے۔

ادھر رفح کراسنگ سے امدادی سامان کے ٹرکوں کا دوسرا قافلہ غزہ میں داخل ہوگیا۔ گزشتہ روز امدادی سامان کے صرف 20  ٹرک غزہ کے جنوبی علاقے تک پہنچے تھے۔

کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ایک بار پھر اسرائیل فلسطین کشیدگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جنگ ہمیشہ شکست ہوتی ہے، انسانیت کی تباہی ہوتی ہے، بھائیوں اسے روکو۔