بھارت میں ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی قرار دینے سے انکار کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ایک ہم جنس پرست جوڑے نے عدالت کے سامنے ہی ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چند روز قبل سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی قرار دینے سے انکار کیا تھا اور عدالت نے فیصلہ سنایا کہ ہم جنس شادیوں کے لیے پارلیمنٹ میں قانون سازی کی جانی چاہیے۔
سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد دلبرداشتہ ہم جنس پرست مرد جوڑے نے نئی دہلی میں سپریم کورٹ کے سامنے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنا کر منگنی کرلی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ اننیا کوٹیا ایک پی ایچ ڈی طالب علم ہیں اور وہ لندن اسکول آف اکنامکس سے تعلیم حاصل کررہے ہیں، انہوں نے اپنے ساتھی وکیل اتکرش سکسینا سے منگنی کی۔
اننیا نے اپنی منگنی کا اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیا اور اپنی منگنی کی تصویر بھی شیئر کی۔
اننیا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن پر لکھا کہ ہم اپنے حقوق کیلئے لڑنے دوبارہ آئیں گے۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے کسی نے انہیں سپورٹ کیا تو کسی نے اسے عدالت کے سامنے اپنی رائے کے حق کے اظہار کا طریقہ قرار دیا۔