30

کویت میں رشوت خوری کے جرم میں ججوں کو 7 سال قید

کویت سٹی: کویت کے ایک تاریخ ساز فیصلے میں رشوت خوری کے الزام میں 7 ججوں کو 7 سال قید کی سزا سناتے ہوئے رشوت کی رقم واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ 

عرب میڈیا کے مطابق کویت میں ججوں کو جوابدہی اور سزا سے استثنیٰ حاصل تھی لیکن ایک تاریخ ساز فیصلے میں ججز کو 7 سال قید کی سزا سنا کر یہ استثنیٰ ہمیشہ کے لیے ختم کردی۔

صالح نامی ایک تاجر کو اگست 2020 میں منی لانڈرنگ جیسے سنگین الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر یہ الزام بھی تھا کہ انھوں نے مختلف مقدمات میں مرضی کا فیصلہ لینے کے لیے 8 ججز کو رشوت دی تھی۔

تفتیش کا دائرہ کار بڑھا تو اس میں ایک وکیل اور ایک اہم محکمے کے سربراہ کے بھی شامل جرم ہونے کا انکشاف کیا جس پر وکیل کو 10 سال اور محکمے کے سربراہ کو 7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

علاوہ ازیں رشوت لینے والے 8 میں سے 7 ججز کو سات سات سال قید کی سزا سنائی گئی اور ایک کو بری کردیا گیا۔ 3 عدالتی ملازمین کو بھی بے گناہ ثابت ہونے پر بری کردیا گیا۔