ریاض: سعودی عرب میں عام استعمال کی اشیا پر اللہ کا نام اور سونے کے زیورات پر قرآن پاک کی مقدس آیات لکھنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
سعودی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ کاغذ، برتن یا دیگر ایسے سامان پر اللہ کا نام نہ لکھا جائے جنھیں استعمال کے بعد پھینک دیا جاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح اللہ کے بابرکت نام کی بے حرمتی ہوتی ہے۔ اس لیے ایسی اشیا بنانے والے ادارے احتیاط کریں بصورت دیگر ایسی اشیا ضبط کرلی جائیں گی۔
سعودی وزارت داخلہ کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سونے کے زیورات اور دیگر آرائشی اشیاء پر قرآنی آیات تحریر نہ کی جائیں۔ آیات قرآنی صرف ہدایت کے حصول کے لیے ہیں۔ آرائش کے لیے استعمال درست نہیں۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ ان ہدایات کے لیے مملکت کے مفتی نے ایک خط لکھا تھا کہ جس میں کہا گیا تھا کہ زیور میں قرآنی آیات تعویز کے لیے بھی لکھی جا سکتی ہیں جو اسلام میں ممنوع ہے۔
سعودی مفتی نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا کہ قرآنی آیات والے زیور پہن کر لوگ بیت الاخلا میں داخل ہوتے ہیں جس سے بے حرمتی کا احتمال بھی رہتا ہے۔