255

صحت انصاف کارڈ ہم نے دیا یہ پی ٹی آئی چیئرمین کا ویژن نہیں تھا، پرویز خٹک

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں ہم نے تاریخی کام کئے، ’صحت انصاف کارڈ ہم نے دیا یہ پی ٹی آئی چیئرمین کا ویژن نہیں تھا، عمران خان میں غرور تھا اس لئے ڈوب گئے‘۔

پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان کو اس حال تک کس نے پہنچایا، ملک کا امن کس نے تباہ کیا پھر دعوے کر رہے ہیں کہ ہم آئینگے اور حالات ٹھیک کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ قصور ملک یا عوام کا نہیں سارا قصور نا اہل رہنماؤں کا ہے ایسے ہی افراد کو بے نقاب کرنے کے لئے میں نے پارٹی بنائی ہے، ہم عوام کو ان کے مکروہ چہرے دکھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سال حکومت میں ایک وعدہ پورا نہیں کیا، اسی لئے مجھے سوچنا پڑا کہ کب تک ان جھوٹوں کا ساتھ دیتا رہوں گا۔ ہم خیال دوستوں کے ساتھ مشورہ کرکے جھوٹوں کے خلاف میدان میں نکلے ہیں۔

سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کا کہنا تھا کہ ڈرنے والا ہوں اور نہ ہی کسی کی منت سماجت کرنے والا ہوں، پرویز خٹک بھوکا رہے گا لیکن حرام نہیں کھائے گا۔