38

اسرائیلی فضائیہ کی بمباری، حماس کے سینئر کمانڈر جہاد محیسن شہید

اسرائیلی فضائیہ کی غزہ پر بمباری کے دوران حماس سکیورٹی فورسز کے کمانڈر میجر جنرل جہاد محیسن شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی پٹی میں حماس نیشنل سکیورٹی فورسز کے کمانڈر میجر جنرل جہاد محیسن اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے ان کے گھر پر کی جانے والی بمباری کے نتیجے میں شہید ہوگئے ہیں۔

عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس سے منسلک میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں جہاد محیسن کے ساتھ ساتھ ان کے خاندان کے افراد بھی شہید ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں فلسطینی میڈیا کے مطابق حماس کے رہنما اور شریک بانی عبدالعزیز الرنتیسی کی 68 سالہ بیوہ جمیلہ الشانتی بھی ایک فضائی حملے میں شہید ہوگئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق حماس کے رہنما الرنتیسی کو اسرائیل نے اپریل 2004 میں قتل کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کے حملوں کے نتیجے میں اب تک 3 ہزار 478 فلسطینی شہید جبکہ 12 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔