29

پشاور کے سیوریج نمونے ایک بار پھر پولیو وائرس سے آلودہ نکلے

 پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے سیوریج نمونے ایک بار پھر پولیو وائرس سے آلودہ نکلے۔

قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے پشاور کے علاقے نرے خوڑ کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کردی۔ رواں سال پشاور سے لیا جانے والا یہ 15واں ماحولیاتی نمونہ ہے جو مثبت پایا گیا ہے۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق تشخیص ہونے والے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق افغانستان کے علاقے نازیان سے ہے، پشاور میں حالیہ 2 سے 8 اکتوبر تک بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے انسداد پولیو مہم کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال ملک بھر سے 3 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور تینوں متاثرہ کیسز ضلع بنوں سے رپورٹ کیے گئے ہیں۔