41

نواز شریف کی وطن واپسی کے طے شدہ پروگرام میں تبدیلی

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کچھ دیرمیں جدہ سے دبئی روانہ ہوں گے، وہ 4 سالہ جلا وطنی ختم کر کے 21 اکتوبر کا پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ نواز شریف اب لاہور کے بجائے اسلام آباد پہنچیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی کا سفر شروع ہوچکا ہے، وہ لندن نے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور کچھ دیر بعد جدہ سے دوبئی روانہ ہوں گے۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف 2 روز دبئی میں صاحبزادی اسماء نواز کے پاس قیام کریں گے جس کے بعد وہ خصوصی جہاز سے ہفتے کو پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے۔

نواز شریف کے پروگرام میں تبدیلی آئی ہے، اب وہ لاہور کے بجائے اسلام آباد پہنچیں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نوازشریف پہلے اسلام آباد آئیں گے اورقانونی مشاورت کے بعد لاہور جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان میں شیڈول جلسہ اپنے مقررہ وقت پر ہوگا۔

نواز شریف کو حفاظتی ضمانت ملنے سے متعلق سوال کے جواب میں عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ نیب کا بیان آپ کے سامنے ہے۔ حفاظتی ضمانت ملنے کا طریقہ کار یہی ہے ہمیں کوئی ’آوٹ آف دی وے ریلیف‘ نہیں ملا۔

دوسری جانب مینار پاکستان پر جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ اس حوالے سے مرکزی اسٹیج تیار کرلیا گیا ہے جب کہ سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے لاہور کے لیے قافلے روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔