39

سریے کی فی ٹن قیمت میں 55 ہزار روپے تک کمی

ملک میں سریے کی فی ٹن قیمت 45 سے 55 ہزار روپے تک کمی آئی ہے تاہم اس کے باوجود سریے کی خریداری محدود رہی۔

رواں سال کے ابتداء میں فی ٹن سریے کی قیمت 3 لاکھ 5 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جو اب مارکیٹ میں 2 لاکھ 50 ہزار تا 2 لاکھ 60ہزار روپے فی ٹن میں دستیاب ہے۔

اسٹیل مینوفیکچرنگ سیکٹر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی کے بعد لوگ توقع کرنے لگے ہیں کہ اب ہر چیز سستی ہوجائے گی لیکن سریے کی قیمت میں حالیہ کمی مختصر دورانیے پر مبنی ہوگی کیونکہ اسٹیل مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے پاس مطلوبہ خام مال (اسکریپ) کی قلت کا سامنا ہے۔

 خام مال کی عدم دستیابی کی وجہ سے اسٹیل انڈسٹری کی پیداواری سرگرمیاں متاثر ہیں اور آنے والے دنوں میں اگر سود کی شرح میں کمی واقع ہوئی تو تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار تیز ہوجائے گی جس کے نتیجے میں نہ صرف سریے کی ڈیمانڈ بڑھ جائے گی بلکہ اس کی قیمت میں دوبارہ اضافے کا رجحان پیدا ہوجائے گا۔