28

نگراں وزیراعظم کی کینیا کے صدر سے صحافی ارشد شریف کے قتل کی تفتیش میں تعاون کی درخواست

بیجنگ : نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بیجنگ میں کینیا کےصدر سے ملاقات میں صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق تفتیش میں تعاون کی درخواست کردی۔

تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی کینیا کے صدر ولیمز روٹو سے ملاقات ہوئی ، دونوں رہنماؤں کی ملاقات بیلٹ اینڈ روڈ فورم کےموقع پر ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان کینیا تعلقات پر سیرحاصل گفتگو ہوئی اور تجارت کے شعبے میں تعاون پر تفصیلی بات چیت کی۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کینیا کے ساتھ مزید ترقیاتی منصوبوں و اقدامات پر تعاون کا خواہاں ہے اور پاکستان کی شراکتی ترقی کیلئےکوششوں ،خطے کی خوشحالی کیلئے تعاون کی خواہش کا مظہر ہے۔

کینیا کے صدر نے پاکستان کے زرعی ،صحت کے شعبے میں تجربے سے استفادےکی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے کینیا کے صدر کو جلد پاکستان کادورہ کرنے کی دعوت دی جو قبول کرلی گئی ، کینیا کے صدر نے بھی وزیراعظم کو کینیا کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو قبول کرلی گئی۔

ملاقات میں نگران وزیراعظم نے کینیا صدر سے صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق تفتیش میں تعاون اور جے آئی ٹی رپورٹ کو جلد حتمی شکل دینے میں سہولت کی درخواست کی۔