اگر آپ 9 سے 10 سال پرانے اینڈرائیڈ فون کو استعمال کررہے ہیں تو بہتر ہے کہ اسے بدل لیں ، ورنہ چند روز بعد واٹس ایپ استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
جی ہاں واقعی اکتوبر کے آخری عشرے میں متعدد پرانے اینڈرائیڈ فونز کے لیے واٹس ایپ کی سپورٹ ختم کی جا رہی ہے۔
24 اکتوبر کے بعد اینڈرائیڈ 5.0 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ ورژنز پر کام کرنے والے فونز پر ہی واٹس ایپ کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
واٹس ایپ کے ایف اے کیو پیج کے مطابق ابھی اینڈرائیڈ 4.1 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹمز پر واٹس ایپ کو استعمال کیا جا سکتا ہے، مگر 24 اکتوبر 2023 سے صرف اینڈرائیڈ 5.0 یا اس کے بعد کے ورژنز پر ہی میسجنگ ایپ کے لیے سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
یعنی اینڈرائیڈ 4.1 یا اینڈرائیڈ 5.0 سے قبل کے تمام آپریٹنگ سسٹمز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔
واٹس ایپ نے اپنے ایف اے کیو پیج میں بتایا کہ جب کسی آپریٹنگ سسٹم کے لیے سپورٹ ختم کی جاتی ہے تو صارفین کو وقت سے پہلے آگاہ کیا جاتا ہے اور اپ گریڈ کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے یوزر انٹرفیس اور پرائیویسی سیٹنگز کو مسلسل بہتر کیا جاتا ہے، جس کے لیے ایسے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں جو ایپل اور اینڈرائیڈ کے تازہ ترین آپریٹنگ سسٹمز سے مطابقت رکھتے ہوں۔
ویسے ابھی بھی زیادہ تر اینڈرائیڈ فونز میں اینڈرائیڈ 5.0 یا اس کے بعد کے ورژنز موجود ہیں مگر ایسے پرانے فونز کی تعداد بھی کم نہیں جن میں پرانے آپریٹنگ سسٹمز کو استعمال کیا جارہا ہے۔
عموماً اینڈرائیڈ فونز میں آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے کا آپشن موجود نہیں ہوتا تو ایسے صارفین کو نئے فونز کو خریدنے کی ضرورت ہوگی۔
اس سے قبل واٹس ایپ نے 24 اکتوبر 2022 کو آئی او ایس 10 اور 11 پر کام کرنے والے آئی فونز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کی تھی۔
آئی فون پر واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے ڈیوائسز میں آئی او ایس 12 یا اس کے بعد کا ورژن درکار ہوتا ہے۔