54

پاک بھارت میچ کا بخار، احمد آباد کے اسپتالوں میں رش بڑھ گیا

احمد آباد: پاک بھارت میچ سے قبل کرکٹ کے بخار نے احمد آباد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

بھارتی شہر احمد آباد میں 14 اکتوبر کو شیڈول کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں پاک بھارت میچ سے قبل احمد آباد کے اسپتالوں میں اچانک مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ کئی اسپتالوں میں پرائیویٹ رومز کی بکنگ کرالی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد کے اسپتالوں میں اچانک مریضوں کا رش دیکھا گیا ہے جو چیک اپ کے لیے بک کرائے گئے ہیں جس میں روایتی حریفوں کے میچ سے قبل ایک رات کا قیام شامل ہے۔

ڈاکٹروں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ چیک اَپ “پیکیجز” کے لیے رش سستی رہائش تلاش کرنے کا ایک اسمارٹ آئیڈیا ہے کیونکہ میچ سے پہلے ہوٹل کے کرایوں میں 20 گنا تک اضافہ ہوچکا ہے۔

احمد آباد میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر تشار پٹیل نے رائٹرز کو بتایا کہ پہلے بھی ایسے معاملات دیکھنے میں آئے ہیں کہ لوگ پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے آتے ہیں اور اس دوران وہ اپنے طبی معائنے اور اسپتالوں میں قیام کے لیے بھی وقت لیتے ہیں۔

احمد آباد ہاسپٹل اینڈ نرسنگ ہومز ایسوسی ایشن نے اپنے ممبران کو تنبیہ کی ہے کہ وہ ایسے شائقین کو جگہ نہ دیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ اسپتال ایسی درخواستوں پر غور نہ کریں کیونکہ اسپتال بطور ہوٹل استعمال کے لیے نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ پاک بھارت میچ کا شائقین کی جانب سے بے صبری سے انتظار کیا جاتا ہے۔ 29 اگست کو پہلے مرحلے میں میچ کے تمام ٹکٹس صرف ایک گھنٹے میں فروخت ہوگئے تھے۔