49

نوبیل انعام برائے معاشیات خواتین کے حقوق کیلئے کام کرنے والی امریکی پروفیسر کے نام

سال 2023 کا نوبیل انعام برائے معاشیات امریکا کی پروفیسر کلاڈیا گولڈین کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی کی پروفیسر کلاڈیا گولڈین کو یہ اعزاز لیبر مارکیٹ میں خواتین کے حقوق اور مساوی تنخواہوں کے لیے کام کرنے پر دیا گیا۔

رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق پروفیسر کلاڈیا نے گزشتہ صدیوں کے دوران افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت اور ان کی آمدنی کے حوالے سے اولین جامع تجزیہ پیش کیا۔

فزکس، کیمسٹری، میڈیسن، ادب اور امن کے نوبیل انعامات کے برعکس اس انعام کو باضابطہ طور پر Sveriges Riksbank پرائز کہا جاتا ہے، کیونکہ اس کا آغاز 1968 میں سویڈش مرکزی بینک نے کیا۔

اس سال پروفیسر کلاڈیا کو دیا جانے والا انعام مجموعی طور پر 55 واں نوبیل انعام ہے۔

رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز نے یہ اعلان کیا / اسکرین شاٹ

رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز نے یہ اعلان کیا / اسکرین شاٹ

 

گزشتہ سال یہ اعزاز امریکا کے 3 ماہرین بین ایس برنانکے، ڈگلس ڈبلیو ڈائمنڈ اور فلپ ایچ ڈیبوگ کو دیا گیا تھا۔

ان تینوں کو یہ اعزاز بینکوں کے کردار اور مالیاتی بحرانوں پر کی جانے والی تحقیق پر دیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں سال نوبیل انعام دینے کا سلسلہ 2 اکتوبر کو شروع ہوا تھا۔

2 اکتوبر کو نوبیل کمیٹی نے کووڈ 19 کی وبا سے لڑنے کے لیے ایم آر این اے ویکسین تیار کرنے میں مدد فراہم کرنے والے 2 سائنسدانوں کو طب کا نوبیل انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔

اسی طرح 3 اکتوبر کو امریکا، جرمنی اور سویڈن کے سائنسدانوں کو ایٹم کے الیکٹرونز پر تحقیق کے لیے فزکس کا نوبیل انعام دیا گیا۔

4 اکتوبر کو 3 امریکی سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر کیمسٹری کے نوبیل انعام سے نوازا گیا۔

5 اکتوبر کو ناروے کے پلے رائٹر اور ادیب جون فوسے ادب کا نوبیل انعام جیتنے میں کامیاب رہے۔

6 اکتوبر کو ایرانی خاتون نرگس محمدی کو نوبیل امن انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔