30

مہنگائی،لوڈشیڈنگ ختم کرنیوالا نوازشریف آرہاہے،شہبازشریف

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کاکہنا ہے کہ ملک سے اندھیرے،مہنگائی ختم کرنے والا نوازشریف 21اکتوبر کو آرہاہےعوام تاریخی استقبال کریں گے۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف کا لدھڑ گاؤں میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ نوازشریف انتقام لینے نہیں قوم کے زخموں پرمرہم رکھنے آرہاہے۔ پاکستان دیوالیہ ہونے جارہا تھا ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔اس کے نتیجے میں ہماری سیاست قربان ہوئی مگر ہم نے ریاست کو بچایا۔

شہبازشریف کاکہنا تھا کہ 2017میں جعلی مقدمے میں نوازشریف کو سزا دلوائی گئی۔نوازشریف کو سازش کے تحت ہٹایاگیا۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف کا اپنے انتخابی حلقے بھلر گاؤں پہنچنے پرکارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال کیاگیا۔ڈھول کی تھاپ پر گھوڑوں نے شاندار رقص پیش کیا۔

 سابق وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے حلقے بھلرگاؤں میں کارکنوں سے خطاب  میں کہنا تھاکہ میں اپنے اس حلقے میں حاضر ہوا ہوں جس نے مجھے 2013 سے آج تک عزت سے نوازا ہے ۔ میں آپ کا شکریہ ادا کرنا بھی چاہوں تو نہیں کر سکتا ۔آپ نے ہمیشہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کو عزت سے نوازا اور ووٹ دئیے ۔2013 میں نواز شریف نے 20، 20 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ختم کی ۔ تب بجلی نہیں تھی اور لوگ بےروزگار تھے ۔نواز شریف نے صرف 4 سالوں میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا ۔

شہبازشریف کاکہنا تھاکہ نواز شریف نے امریکی صدر بل کلنٹن کے بار بار کے فون کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کو منہ توڑ واب دیا ۔نواز شریف دور میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں تھی ۔نواز شریف کا جرم ملک کو ایٹمی طاقت بنانا اور عوام کی خوشحالی تھا ۔2018 میں تاریخی دھاندلی اور جھرلو انتخابات ہوئے اور عوام کو ترقی خوشحالی سے محروم کر دیا ۔

سابق وزیراعظم کاکہنا تھاکہ اللہ کو منظور ہوا تو نواز شریف 21 اکتوبر کو واپس آ رہے ہیں ۔ نواز شریف واپس آ کر ترقی کا رکا ہوا سفر دوبارہ شروع کرینگے ۔نواز شریف کو اقتدار سے نہیں ہٹایا گیا تھا بلکہ عوامی ترقی و خوشحالی کو روکا گیا تھا۔آپ وعدہ کریں کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف کا تاریخی استقبال کر کے اسے پیغام دیں کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی تھی ۔


شہبازشریف کا کہنا تھاکہ نواز شریف انتقام لینے کے لئے واپس نہیں آ رہا۔جن کرداروں نے نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی اس کا سب کو علم ہے ۔نواز شریف کے ورکر کے طور پر میں اپنی جان لڑاؤں گا۔