28

حکومت ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرُعزم ہے، نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔

اس حوالے سے نگران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت وطن عزیز سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے اور اس کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

اجلاس کے دوران مستونگ اور ہنگو میں دہشتگردی کے واقعات میں جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کرائی گئی۔

اجلاس کے دوران دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر وزیر داخلہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔


بریفنگ کے بعد نگران وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کریں گے، حکومت ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے۔

نگران وفاقی کابینہ کے اس اجلاس میں ملکی معیشت اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس میں نگران وفاقی کابینہ کی جانب سے ترکیہ کی پارلیمنٹ سے متصل پولیس ہیڈکوارٹر پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔