54

نیا سینٹرل کنٹریکٹ بابر، شاہین اور رضوان کو ماہانہ کتنی تنخواہ ملے گی؟

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے بدھ کو بالآخر مینز کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا۔

پی سی بی کے مطابق تین سال کے کنٹریکٹ کے لیے کامیابی کے ساتھ تمام معاملات طے پاگئے، سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2026 تک ہوں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 25 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ پیش کیا گیا ہے، معاہدے میں آئی سی سی ریونیو کا حصہ بھی شامل ہے جبکہ ریڈ بال اور وائٹ بال کے کنٹریکٹس کو اکٹھا کر دیا گیا ہے، اس کا فیصلہ کنٹریکٹ کمیٹی کی تجویز پر کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں 127 سے 202 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست کو چار کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔اے کیٹیگری میں 3 کھلاڑی شامل ہیں جن کے معاوضے میں 202 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری اے میں کپتان بابر اعظم ،محمد رضوان اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں 202 فیصد اضافے کے بعد بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان کو ماہانہ 45 لاکھ روپے ملنے کی توقع ہے، جو پچھلے کنٹریکٹ کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ ہے۔

اس کے علاوہ کیٹیگری بی میں 6 کرکٹرز شامل ہیں جن کے معاوضوں میں 144 فیصد اضافہ کیا گیا ہےجبکہ کیٹیگری سی میں 2 کرکٹرز شامل ہیں جن کے معاوضوں میں 135 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

کیٹیگری ڈی میں 14 کرکٹرز شامل ہیں جن کے معاوضے میں 127 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

فوٹو: پی سی بی

 

 

پی سی بی کے مطابق ٹیسٹ میچ فیس میں 50 فیصد، ون ڈے میں 25 فیصد اور ٹی ٹوئنٹی میں ساڑھے 12 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو دو غیر ملکی لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی، اس کے علاوہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر 50 فیصد انٹرنیشنل میچ فیس ملے گی۔

پی سی بی کے مطابق تین سالہ کنٹریکٹ کے دوران ہر 12 مہینے کے بعد کھلاڑیوں کی پر فارمنس کا جائزہ لیا جائے گا۔