26

الیکشن کمیشن کا ووٹرز لسٹیں غیر منجمد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریوں کے تحت ووٹرز لسٹیں غیر منجمد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

الیکشن کمیشن نے 20 جولائی کو ووٹرز لسٹیں منجمد کی تھیں تاہم اب اس کا کہنا ہے کہ ووٹرز لسٹیں 25 ا کتوبر 2023 تک غیر منجمد رہیں گی تاکہ تمام اہل افراد اپنے ووٹ کا اندراج کروا سکیں۔ 25 اکتوبر تک ووٹ کا اخراج، منتقلی اور شناختی کارڈ کے مطابق کوائف درستی کی جا سکتی ہے۔

گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلیے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست کی منظوری دی تھی۔ ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں جاری کی گئیں جو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔

حلقہ بندیوں پر 26 اکتوبر تک اعتراضات وصول کیے جائیں گے جبکہ اعتراضات کی سماعتیں 25 نومبر تک ہوں گی۔ حتمی فہرست 30 نومبر کو جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی فہرست کے 54 دن بعد جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروائے جائیں گے، مذکورہ رپورٹ عوام کی آگاہی کیلیے شائع کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے 21 ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروائے جائیں گے جبکہ 27 ستمبر کو حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست شائع کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا تھا کہ انتخابات کا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا، حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی جس کی اشاعت کے 54 دن کے بعد جنوری کے آخر ی ہفتے میں انتخابات ہوں گے۔