53

حکومت کا حج آپریشن مکمل ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا فیصلہ

وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون سے حج آپریشن کوعازمین اور حجاج کرام  کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نگراں وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹرعمرسیف کی صدارت میں وزیراعظم کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شریک چیئرمین نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نےبھی  شرکت کی۔   امورانیق احمد کا کہنا تھا کہ حج آپریشن سے متعلق موجودہ سسٹم کو اپ گریڈ کرنےکی ضرورت ہے۔ چاہتے ہیں وزارت آئی ٹی اس ضمن میں معاونت فراہم کرے۔

ڈاکٹرعمرسیف نے حج آپریشن کے سسٹم کو فوری اپ گریڈ کرنے اور خامیاں دورکرنے کی ہدایت کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ایکسپرٹ ٹیم وزارت حج میں تعینات کی جائے گی۔ عازمین حج کی سہولت و آگاہی کیلئے موبائل ایپلی کیشن، ویب پورٹل کی تیاری کی جائے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ مناسک حج سے متعلق سہولیات اور شکایات کے انداراج کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جائے گا۔ عازمین اور حجاج کرام حج سہولیات سے متعلق اپنا فیڈ بیک ڈیجیٹلی طور پر دے سکیں گے۔ ڈیجیٹلائزیشن سے حج آپریشن کی خامیوں اور شکایات کو ختم کیا جاسکے گا۔