29

ٹیم کے ہارنے پر فٹبال کلب کے صدر کو گولی ماردی گئی

کولمبیا کے سیکنڈ ڈویژن کلب ”ٹائیگریس ایف سی“ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے صدر ایڈگر پیز کو ہفتے کی رات میچ میں شکست کے بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

کولمبین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 63 سالہ ایڈگر پیز ”اٹلیٹیکو ایف سی“ سے ہارنے کے بعد اپنی بیٹی کے ساتھ گھر جا رہے تھے کہ انہیں بوگوٹا میں ٹائیگریس کے میٹرو پولیٹانو ڈی ٹیکو اسٹیڈیم کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے گولی مار دی۔

تاہم، اس حملے میں ان کی بیٹی محفوظ رہیں۔

 

کلب نے ”ایکس“ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ، ’ٹائیگرس فیملی اور اسپورٹنگ کمیونٹی اس حادثے کے باعث شدید صدمے میں ہے۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ،’ٹیم کے ساتھ ان کی وابستگی اور ہمارے علاقے میں کھیل کی ترقی کے لیے ان کی لگن نے ان تمام لوگوں پر ایک انمٹ نشان چھوڑا جنہیں اعزاز حاصل تھا کہ وہ ان کو جانتے ہیں‘۔

 

 

کولمبیا فٹ بال فیڈریشن نے بھی ایک بیان میں ایڈگر پیز کے اہل خانہ اور ٹیم کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔

بیان میں لکھا گیا کہ، ’کولمبیا فٹ بال فیڈریشن اور اس کی ایگزیکٹو کمیٹی ٹائیگریس ایف سی کلب کے صدر مسٹر ایڈگر پیز کے انتقال پر سوگ کا اظہار کرتی ہے۔ کولمبیا فٹ بال کی طرف سے ہم تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے خاندان، دوستوں اور پیاروں کے غم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔‘