65

چیٹ جی پی ٹی 'دیکھنے، سننے اور باتیں' کرنے کے قابل ہوگیا

اوپن اے آئی کا تیار کردہ چیٹ جی پی ٹی اب 'دیکھنے، سننے اور باتیں' کرنے کے قابل ہوگیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس چیٹ بوٹ میں بڑی اپ ڈیٹس کی گئی ہیں، جس کے بعد صارفین موبائل پر چیٹ جی پی ٹی سے گفتگو کر سکتے ہیں اور اس مقصد کے لیے 5 آوازوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

اسی طرح صارفین چیٹ جی پی ٹی سے تصاویر شیئر کرکے اس کے مخصوص حصوں کا تجزیہ کرا سکتے ہیں۔

کمپنی نے بتایا کہ یہ نئے فیچر ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو آئندہ 2 ہفتوں تک دستیاب ہوں گے۔

وائس چیٹ کا آپشن آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر چیٹ جی پی ٹی کی ایپ تک محدود ہوگا جبکہ امیج پراسیسنگ کا فیچر تمام پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگا۔

خیال رہے کہ اوپن اے آئی نے نومبر 2022 میں چیٹ جی پی ٹی کو متعارف کرایا تھا جس کے بعد سے دنیا بھر میں کروڑوں افراد اسے استعمال کر رہے ہیں۔

چیٹ جی پی ٹی کی مقبولیت نے دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں جیسے گوگل اور میٹا کو اپنے اے آئی چیٹ بوٹس متعارف کرانے پر مجبور کر دیا۔

مائیکرو سافٹ نے تو چیٹ جی پی ٹی پر مبنی اے آئی سسٹمز کو لگ بھگ اپنی تمام سروسز کا حصہ بنا دیا ہے۔

اوپن اے آئی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کے نئے وائس فیچر کی بدولت یہ چیٹ بوٹ رات کو کہانیاں سنانے کے بھی قابل ہوگیا ہے۔

اسی طرح صارفین اپنے اردگرد کی تصاویر کھینچ کر چیٹ بوٹ سے ان کے بارے میں مختلف سوالات پوچھ سکیں گے۔

یہ گوگل لینس کی طرح کا فیچر ہوگا جس کے ذریعے تصاویر کے بارے یں تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں۔